بینک الحبیب لمیٹڈ،داؤد حبیب گروپ کی ایک گروپ کمپنی ہے جو بینکاری کی دنیا میں ایک طویل ریکارڈ رکھتاہے۔گروپ، بینک الحبیب لمیٹڈ کے سرپرستوں اور بانی ممبران میں سے تھااور 1941میں بمبئی میں اس کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستان بننے کے بعد بینک نے اپنا ہیڈ آفس کراچی منتقل کر لیا اور ملک کی بینکاری اور مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ حبیب بینک، ملک اور بیرون ِ ملک میں برانچوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان میں نجی شعبے کے اولین بینکوں میں سے ایک تھا، جب یکم جنوری، 1974 میں پا کستان کے تمام دیگر نجی بینکوں کے ساتھ حکومتِ پاکستان نے اسے قومی ملکیت میں لیا۔
1991میں حکومت ِ پاکستان نے نجی شعبے کو تجارتی بینکوں کے قیام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ نجکاری کی اس پالیسی کے تحت داؤد حبیب گروپ کو حکومت ِ پاکستان نے ایک نیا تجارتی بینک قائم کرنے کی اجازت دی۔لہٰذا،اکتوبر، 1991 میں بینک الحبیب لمیٹڈ کو تشکیل دیا گیا اور جنوری،1992 میں اس کے آپریشنز کا آغاز ہوا۔ گو کہ، بینک الحبیب نے 1992 میں آپریشنز کا آغاز کیا لیکن اس نے اپنی دیانتداری، دانائی اور بھروسے کے وہی اعلیٰ معیارات قائم رکھے جو تقریباً 70 سال سے حبیب فیملی کی بینکا ری کی روایت کی علامت ہیں۔